پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پسماندہ طبقات کے لئے موجودہ ریزرویشن کے معیاری میں ترمیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ ان کے لئے پرائیویٹ شعبوں میں بھی ریزرویشن کا انتظام ہونا چاہئے ۔ مسٹر کمار نے آج یہاں قانون ساز کونسل کے اینیکسي ہال میں پیریار انٹرنیشنل ادارے کی جانب سے سماجی انصاف کے شعبے میں نمایاں کامیابی کے لئے ویرمنی اعزاز سے نوازے جانے کے بعد کہا کہ پسماندہ طبقات کے لئے موجودہ ریزرویشن کے معیار میں ترمیم کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طبقے کے لوگوں کو نجی شعبوں میں بھی ریزرویشن کی سہولت ملنی چاہئے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وہ بہار کے مفاد میں ضرور کام کر رہے ہیں لیکن ملک کے مفاد میں جب کوئی بڑا مسئلہ ہوتا ہے تو اس پر ضرور بولنا چاہئے ۔ انہوں نے مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈران انتخابات سے پہلے ترقی کی بات کیا کرتے تھے اور الیکشن جیتنے کے بعد لو جہاد، گھر واپسی، گئو کشی جیسے مسائل کو زور شور سے اٹھا رہے ہیں جس سے ملک کے حالات خراب ہورہے ہیں۔انہوں نے حکومت کو تعمیری کام کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی ۔