دبئی: شام کے قدیم تاریخی شہر پلمیرہ سے اسلامک اسٹیٹ کا قبضہ ختم ہونے کے بعد اب اس تنظیم کی درندگی ایک ایک کرکے سامنے آنے لگی ہے ۔ شام کی فوج نے اجتماعی قبر سے 40 لاشیں برآمد کی ہیں جن میں بیشتر خواتین اور بچوں کی ہیں۔فوج کے انجینئروں اور پاپولر ڈیفنس فورس نے قدیم تاریخی کھنڈروں والے شہر سے 300 میٹر دور مسکن الجہیزیہ میں ان اجتماعی قبروں کو کھود کر ان میں سے لاشیں نکالی ہیں۔فوج نے شروع میں اسلامک اسٹیٹ کی جانب سے مارے گئے 25 لوگوں کی لاشیں نکالیں جن میں تین بچوں اور پانچ عورتوں کی لاشیں تھیں۔ کھدائی جاری رکھنے پر 15 اور لاشیں نکالی گئیں۔ یہ تمام عورتوں اور بچوں کی تھیں۔ شامی اسٹیٹ ٹی وی کے مطابق اسلامک اسٹیٹ نے 400 افراد کو قتل کیا۔اجتماعی قبر سے نکالی گئی لاشیں دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ ان میں سے کئی کا سر قلم کیا گیا تھا۔ کچھ کو اتنا زدوکوب کیا گیا کہ اس سے ان کی جان چلی گئی۔قبروں کی کھدائی کا کام جاری ہے ۔