نیویارک:پنامہ پیپرس لیک معاملے میں سامنے آئے تقریباً دو لاکھ غیر ملکی کھاتوں کی معلومات کے سلسلے میں دستاویزات اب آن لائن کردئے گئے ہیں۔پنامہ کی موساک فونیسکاکمپنی کے لاکھوں دستاویزا ت سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کس طرح دنیا بھر کے دولت مند لوگ ٹیکس چوری کرنے اور پابندیو ں سے بچنے کے لئے غیرملکی کھاتوں کا استعمال کرتے ہیں۔دستاویزات میں کئی سابق اور موجود ہ رہنماوں، سرکاری افسران، معروف شخصیات اور اسپورٹس کی دنیا کے افراد کی خفیہ دولت کی تفصیلات سامنے آئی تھی۔حال ہی میں پنامہ کی موساک فونیسکا کے دستاویز کو جاری کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات سامنے آئی تھیں۔ اسے جان ڈو کا نام دیا گیا ہے حالانکہ فونیسکا نے کسی بھی جرم سے انکار کیا ہے ۔
گذشتہ ہفتہ موساک فونیسکا نے دستاویزات کو عام کئے جانے سے روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی تھی لیکن تفتیشی صحافیوں کے گروپ انٹرنیشنل کنشورشیم آف انویسٹیگیٹو جرنلسٹس نے ان دستاویزات کو انٹرنیٹ پر عام کرنے کا فیصلہ کیا۔پنامہ پیپرس لیک معاملے میں نام آنے سے آئس لینڈ کے وزیر اعظم سگمنڈر گن لاگسان کو استعفی دینا پڑا تھا ۔ جب برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے رشتہ داروں کا نام بھی اس معاملے میں سامنے آیا تھا۔اس معاملے میں دنیا بھر کے کئی مشہور کھلاڑیوں اور فلمی دنیا سے وابستہ لوگوں کے نام بھی سامنے آئے تھے ۔