نیویارک:پنامہ کے اٹارنی جنرل نے کل رات موساک فونسیکا لاء فرم کے دفاتر پر چھاپہ مارا ۔ یہ اطلاع مقامی حکام کے ایک بیان میں دی گئی۔ اٹارنی جنرل کی جانب سے یہ چھاپہ اس بات کا پتہ لگانے کے لئے مارا گیا کہ وہاں کوئی غیر قانونی سرگرمیاں تو نہیں چل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پنامہ کی اس لا ء فرم دستاویزات لیک ہونے سے سمندر پار کی کئی کمپنیوں کے غیر قانونی دھندے کا پردہ فاش ہوا تھا،جس سے دنیا کے کئی بڑے لیڈروں کو شرمندگی اٹھانی پڑی تھی۔ پنامہ کی قومی پولس نے اس سے پہلے ایک بیان جاری کرکے کہا تھا کہ وہ ان دستاویزات کی تلاش کر رہے ہیں جس سے غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے فرموں کے استعمال کا پتہ چل سکے ۔ ان فرموں پر کر پشن اور دھوکہ دہی کا الزام لگایا گیا ہے ۔ پنامہ کی لا ء فرم کے دفتر کی عمارت کے پاس کل دوپہر بعد افسران اور پولس کی گشتی آٹوموبائل پہنچنا شروع ہو گئی۔
چھاپے اور تلاشی کی قیادت پراسیکیوٹر جیویر کاروالو نے کی ۔ پولس کے چھاپے کے بعد موساک فونسیکا کے حکام نے کچھ کہنے سے انکار کیا۔ اس سے پہلے کمپنی کے بانی شراکت دار ریمن فونسیکا نے کہا تھا کہ کمپنی نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے ۔ اس نے کوئی دستاویز تباہ نہیں کیا ہے ۔ پنامہ کی لا کمپنی کی دستاویزات کے لیک ہونے کے بعد دوسرے ممالک نے بھی اپنے یہاں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔