لکھنو:ریاستی الیکشن کمیشن اترپردیش کی ہدایت کے مطابق سہ رخی پنچایتوںکے عام انتخابات ۲۰۱۵ءمیں رائے دہندگان کی شناخت یقینی بنانے کیلئے ووٹر شناختی کارڈ، آدھار کارڈ سمیت سترہ شناختی کارڈ میں سے کوئی ایک شناختی کارڈ رائے دہندہ کے پاس ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ اطلاع ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے دی۔ انہوں نے بتاےا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ جاری ووٹر شناختی کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، انکم ٹیکس، شناختی کارڈ، پین کارڈ، ریاستی اور مرکزی حکومت کے اداروں ، مقامی بلدیات اور پبلک لمیٹیڈ کمپنیوں کے ذریعہ ان کے ملازمین کو جاری کئے جانے والے فوٹو لگے شناختی کارڈ، عوامی حلقوں کے بینکوں اور ڈاک خانوں کے ذریعہ جاریہ فوٹو لگے پاس بک، فوٹو لگے املاک سے متعلق اصل دستاویزات ، رجسٹرڈ ڈیڈ وغےرہ تسلیم شدہ قرار دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فوٹو لگے کسان بہی، فوٹو لگے پنشن دستاویزات ، سابق فوجی پنشن بک، پنشن ادائیگی کا حکم، ضعیفی پنشن، مجاہدین آزادی کا شناختی کارڈ، فوٹو لگے اسلحہ لائسنس، جسمانی طور سے معذور ہونے کی سند، مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار اسکیم کے تحت جاری جاب کارڈ، وزارت محنت کی اسکیم کے تحت جاری صحت بیمہ اسمارٹ کارڈ، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، رکن قانون ساز کونسل اراکین کو جاری کئے گئے سرکاری شناختی کارڈ، راشن کارڈ میں سے کوئی دستاویز جوکنبہ کے مکھیا کے پاس ہی دسیتاب ہوتے ہیں وہ مذکورہ کنبہ کے دوسرے ممبر کی شناخت کیلئے بھی جائز تسلیم کئے جائیں گے۔ بشرطیکہ سبھی ممبر ایک ساتھ آتے ہیں اور ان ممبروں کی پہچان کنبہ کے مکھیا کے ذریعہ کی جائے گی۔