کلٹی۔21مارچ(یو این این)کلٹی کی مشہور اور قدیم اسلامی در سگاہ مدرسہ اشرف المدارس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے جلسۂ دستار بندی اور تعلیمی بیداری کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اپنے افتتاحی کلمات میں مولانا اعجاز عرفی قاسمی صدر آل انڈیا تنظیم علماء حق نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کا مستقبل تعلیم اور مدارس اسلامیہ کی بقا سے مربوط ہے۔
جب تک ہندستان میں مدارس اسلامیہ کا وجود رہے گا، امت مسلمہ تعلیم اور اخروی اور دنیوی صلاح و فلاح کے میدان میں ترقی کی منزل کی طرف سفر کرتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں اور وطن عزیز ہندستان کی فرقہ پرست جماعتیں مدارس و مکاتب اور مساجد و مقابر اور مسلمانوں کو مٹانے کے در پے ہیں، لیکن انھیں یہ بات دہن نشیں کرلینا چاہیے کہ ہمارے ملک کی رگوں میں پر امن بقائے باہم اور گنگا جمنی تہذیب کا خون گردش کرتا ہے، وہ اپنے تمام تر ناپاک وسائل کا استعمال کرکے بھی ہماری آپسی بھائی چارگی اور ملک کی سالمیت کو چیلنج نہیں کرسکتے۔ اس موقع پر جلسہ کے سرپرست مولانا رانی ساگری کے خلیفۂ اجل مولانا ذو الفقار صاحب نے قرآن و حدیث کی روشنی میں کہاکہ دنیوی اور اخروی صلاح و فلاح خدا اور اس کے رسول سے محبت اور ان کی تعلیمات کی پیروی میں منحصر ہے۔
اور خدائی تعلیمات پر صحیح طریقے سے عمل کرنے کے لیے دینی تعلیم کا حاصل کرنا ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ اصل علم قرآن و حدیث اور اسلام کے اصول و مبادی کا علم ہے۔ اس عظیم الشان تعلیمی کنونشن سے دار العلوم دیوبند کے مبلغ مولانا محمد عرفان قاسمی، دار العلوم دیوبند وقف کے استاد حدیث مولانا فرید الدین قاسمی اور جامعہ مدنیہ سبل پور پٹنہ کے سرپرست مولانا محمد قاسم اور جامعہ مدنیہ سبل پور کے استاد اور صدر مدرس مولانا مرغوب قاسمی نے بھی طویل خطاب کیا اور انھوں نے ہندستان میں مدارس اسلامیہ کی تاریخ، ان کے قومی اور ملی کردار اور امت مسلمہ کی تعلیمی ترقی میں ان کی شب و روز کی جدو جہد پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے مشترکہ طور پر مسلک کے نام پر جنم لینے والے فروعی اختلافات کو ملک و ملت کے لیے ناسور قرار دیا جس کی وجہ سے ہم مسلمان ناگزیر مسائل سے منہ موڑ کر غیر ضروری امور میں اپنی جانی اور مالی توانائی صرف کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹیج پر موجود اکابر، علماء اور بزرگان دین کے دست مبارک سے مدرسہ سے فارغ ہونے والے ۱۹؍ حفاظ کرام کی دستار بندی ہوئی۔ جلسہ کا آغاز قاری خورشید اکرم کی پرسوز تلاوت سے ہوا۔مدرسہ کے استاد مفتی وزیر نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مختصر طور پر مدرسہ اشرف المدارس کی کارکردگی سے بھی سامعین کو آگاہ کیا۔ جلسہ کی صدارت مولانا محمد قاسم نے کی جب کہ نظامت کے فرائض مولانا خورشید نے انجام دیے۔ جلسہ میں قرب و جوار کے علماء، ائمہ، طلبہ، دانش وران اور عام مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ دیر رات گئے جلسہ اختتام کو پہنچا۔