نئی دہلی:پینے کے صاف پانی کی کئی ریاستوں میں قلت کے پیش نظر اب پورے ملک میں انتہائی کم قیمت پر واٹر اے ٹی ایم لگائے جانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے ۔ یہ واٹر اے ٹی ایم عوامی مقامات پر لگائے جائیں گے تاکہ ہر کسی کی اس تک آسانی سے رسائی ہوسکے ۔ذرائع کے مطابق دہلی کی ایک کمپنی پورے ملک میں واٹر اے ٹی ایم لگائے گی۔سپریمس گروپ نے جنا جل اسکیم کے تحت یہ مہم شروع کی ہے ۔ اس کے تحت عام لوگوں تک صاف و شفاف پانی پہنچایا جائے گا اور وہ بھی انتہائی کم قیمت پر۔کمپنی فی الحال ملک کے تمام اہم مقامات ،ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ،ہاسپیٹل، اسکول اور دیگر عوامی مقامات پر پینے کے صاف پانی کے لئے واٹر اے ٹی ایم لگائے گی۔کمپنی نے آج جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک اے ٹی ایم سے ہر روز تقریبا 20ہزار افراد اپنی پیاس بجھا سکیں گے وہ بھی محض 2 سے 5 روپئے فی لیٹر۔یہ قیمت بھی صرف اس لئے لی جا رہی ہے تاکہ پانی کے فلٹریشن، مینٹیننس،سسٹم اپ گریڈیشن اور سپلائی کے اخراجات نکالے جا سکیں۔
اس اے ٹی ایم سے نہ صرف بغیر بجلی کے صاف پانی عام لوگوں کو فراہم کیا جا ئے گا بلکہ آلودگی پیدا کرنے والی چیزوں جیسے پلاسٹک بوتل وغیرہ کے استعمال پر بھی قدغن لگایا جا ئے گا جس سے ماحول آلودہ ہوتاہے ۔این جی او نے دعوی کیا ہے کہ اب تک ملک کے کئی حصوں میں 148واٹر اے ٹی ایم لگائے جا چکے ہیں جن میں خاص طور سے وارانسی کے اسی گھاٹ اور پی ایم او(وزیر اعظم ہند کا دفتر)خاص ہے اس کے علاوہ پونے اور وارانسی کے متعدد اسپتالوں،بس اسٹینڈوں اور اسکولوں میں بھی ان اے ٹی ایم کو لگایا گیا ہے ۔پراگ اگروال مینیجنگ ڈائرکٹر جنا جل نے بتایا کہ عالمی بینک کی ایک تازہ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ہندوستان میں 21فیصد بیماریاں صاف و شفاف اور آلودگی سے پاک پانی میسر نہ ہونے کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ایک لاکھ افراد سے زائد کی موت صاف پانی تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ہوگئی ہے ۔