امیٹھی، 07 مئی (یو این آئی) کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی پرانی روایت کے خلاف آج صبح ووٹنگ کے آغاز سے قبل امیٹھی پہنچ گئے۔ مسٹر راہل گاندھی جن کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اسمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس کے خلاف امیٹھی میں آج تک کے سب سے سخت انتخابی مقابلے کا سامنا ہے ، وہ آج غیر متوقع طورپر امیٹھی پہنچ گئے جہاں سے وہ جیت کی ہیٹرک بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ چونکہ پرینکا گاندھی امیٹھی میں قیام نہیں کرسکیں گی اس لئے مسٹر راہل گاندھی کو پولنگ کے دوران امیٹھی میں موجود رہنے کے لئے مجبورہونا پڑا۔ گزشتہ دو انتخابات میں پرینکا گاندھی امیٹھی میں اپنے بھائی مسٹر راہل گاندھی کی پولنگ ایجنٹ رہی تھیں لیکں اس بار الیکشن کمیشن کے ضوابط میں تبدیلی کے سبب ایسا نہیں ہوسکا۔ ذرائع نے بتایا کہ آج دن بھر کے لئے مسٹر راہل گاندھی کے منشی گنج گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر رہنے کی توقع ہے جہاں سے وہ پولنگ کی نگرانی کریں گے۔ اور کوئی ضرورت پیش آنے پر ہی وہ باہر قدم رکھیں گے۔ واضح رہے کہ ایسا پہلی بار ہے کہ مسٹر راہل گاندھی پولنگ کے روز امیٹھی میں قیام پذیر ہیں۔تاہم، اپوزیشن کے لیڈروں کا دعوی ہے کہ اس بار انتخابی مقابلہ سخت ہونے کی وجہ سے ہی مسٹر راہل گاندھی کو امیٹھی میں قیام کرنے کے لئے مجبور ہونا پڑا ہے ۔