کانپور :کانپور میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اک روزہ میچ کا انعقاد کیا جارہاہے۔ جس کی وجہ سے پولیس انتظامیہ مستعد ہے۔ لیکن اس کے باوجود شہر میں خراب نظم ونسق کے حالات بھی دیکھنے میں آرہے ہیں ۔ گزشتہ دو دن سے شہر کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ تین قتل ، چوری اور چھیڑخانی کے واقعات سے پولیس کے بہتر نظم ونسق کے دعویٰ کی قلعی کھل گئی ہے۔ لوگوں میں پولیس انتطامیہ کے ناراضگی ہے۔ کیونکہ پولیس کی پوری توجہ کرکٹ میچ پر مرکوز ہے۔ پولیس دیگر واقعات پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دے رہی ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں تین قتل کے واقعات پیش آئے۔ یہ واقعات بہت بڑے تھے۔پولیس سے جب شکایت کی گئی تو سابقہ کی طرح مذکورہ معاملات میں بھی خانہ پری کردی گئی۔ بابوپوروہ میں ٹھیکہ دار کو گلاگھونٹ کر قتل کردیا گیا۔ جبکہ برّا میں چوروں نے گھر میں گھس کر ایک معمر شخص کو قتل کردیا۔ اور گھر سے قیمتی سامان بھی چوری ہوگیا۔ بٹھور پولیس کی لاپروائی سے ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا، جب اس معاملے کی شکایت پولیس سے کی گئی تو بتایا گیا کہ فریقین میں تصفیہ کرادیا گیا ہے۔ ان تین قتل کے واقعات کے بعد لوگوں میں پولیس انتظامیہ کے خلاف زبردست ناراضگی ہے۔ لوگوں کو صاف طور پر کہنا ہے کہ پولیس صحیح طریقہ سے اپنا کام انجام نہیں دے رہی ہے کیونکہ پولیس اور ضلع انتظامیہ کی تمام تر توجہ کرکٹ میچ پر مرکوز ہے۔ جس کا خمیازہ غریب لوگوں کو بھگتنا پڑ رہاہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں بھی لاپروائی دیکھی جارہی ہے۔ کئی مقامات پر پولیس نے ٹکٹ لینے والوں کے خلاف لاٹھی چارج کیا۔