لکھنئو: اتر پردیش پولیس کے جانباز جوانوں کو آج کل اردو سکھائی جا رہی ہے تاکہ وہ ویب سائٹس اور دیگر دستاویزات کی باریکی سے تفتیش کر سکے ۔
پولیس افسر اگرچہ اسے عام عمل مان رہے ہیں، لیکن مرکزی خفیہ تنظیم کے ایک سینئر افسر نے یو این آئی سے کہا کہ پولیس کے جوانوں سے اردو سیکھنے کے لئے کہا گیا ہے کیونکہ اطلاع مل رہی تھی کہ دہشت گرد تنظیم کبھی کبھی انگریزی کے ساتھ ساتھ دیگر زبانوں کی ویب سائٹس بھی استعمال کرتی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ اتر پردیش اردو اکیڈمی کی مدد سے پولیس اہلکاروں کو اردو سکھائی جارہی ہے ۔خفیہ تنظیم کا ماننا ہے کہ اتر پردیش کے کئی اضلاع کافی حساس ہیں۔ حکومت نے بھی اسمبلی میں تسلیم کیا کہ صوبے کے 34 اضلاع پاکستان خفیہ تنظیم آئی ایس آئی سے متاثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے اردو سیکھنے سے ویب سائٹس کے مطالعہ کے ساتھ ساتھ پرانے دستاویزات کی جانچ پڑتال میں مدد لے گی۔