لندن ۔۔۔ فرانسیسی وزارت داخلہ نے گذشتہ جمعہ کے روز دارالحکومت پیرس میں ایک یہودی کے ملکیتی سپراسٹور پر مسلح شخص کے حملے کی خفیہ کیمرے سے لی گئی تصاویر جاری کی ہیں۔ ان تصاویر میں سینیگالی نژاد عسکریت پسند آمدی کولیبالی کو ’’کوشیر‘‘ اسٹور میں داخل ہونے کے بعد وہاں پر موجود افراد کو
گولیاں مارتے اورانہیں یرغمال بنائے دکھایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو ایک مشتبہ مسلح شخص نے پیرس کے ایک سپراسٹور میں گھس کر چاریہودیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے بعد ایک شیرخوار اور آٹھ خواتین سمیت 17 افراد کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کے ایک طویل آپریشن میں یرغمالیوں کو بازیاب کرایا گیا تھا اور حملہ آور ہلاک ہو گیا تھا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سپراسٹور پرحملے کے وقت کلوز سرکٹ کیمرے میں محفوظ ہونے والی تصاویر پیریس وزارت داخلہ نے اپنے قبضے میں لے لی تھیں۔ آج وہ تصاویر جاری کر دی گئی ہیں جنہیں فرانسیسی اور دوسرے غیرملکی نشریاتی اداروں نے شائع کیا ہے۔
ان تصاویر میں حملہ آور کولیبالی کوایک بلٹ پروف جیکٹ پہنے اسٹورمیں داخل ہونے کے بعد اس کی کارروائیوں کے مختلف مراحل دکھائے گئے ہیں۔ اس کے آگے نیلے رنگ کے یونیفارم میں ملبوس اسٹورکے ایک ملازم کو دکھایا گیا ہے جسے کولیبالی نے بندوق کی نوک پر چہرہ دیوار کی طرف کرکے کھڑا کر رکھا ہے۔
تصاویر کے ایک دوسرے البم میں حملہ آور کو اسٹور کے اندر کھڑے دکھایا گیا ہے جہاں اس کے اطراف میں مختلف اشیاء کی الماریاں دکھائی دے رہی ہیں اوراس کی گولیوں سے ہلاک ہونے والے ایک شخص کی نعش بھی دکھائی دے رہی ہے،تاہم پولیس نے مقتول کے چہرے کو چھپا دیا ہے تاکہ اس کی شناخت ہونے سے کسی کی دل آزاری نہ ہو۔