لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ حضرت گنج کیپٹل سنیما کے نزدیک واقع موبائل فون اور ری چارج کوپن کی ہول سیل کمپنی سے پچاس لاکھ روپئے پیشگی لیکر دو کاروباریوں نے مال فراہم نہیں کیا۔
کمپنی سے دباؤ پڑنے پر ان لوگوںنے ایک چیک دے دیا جو کیش بھی نہیں ہو سکا۔ اس کے بعد جب کمپنی کی خاتون اکاؤنٹینٹ نے کاروباریوں سے روپئے واپس کرنے کی بات کہی تو ان لوگوں نے گالی گلوج بھی کی۔ کیپٹل سنیماکے نزدیک ۲۴ آورس بی ایس این ایل شاپی کے نام سے ایک کمپنی ہے۔ یہ کمپنی موبائل فون اور ری چارج کوپن ہول سیل میں فروخت کرنے کا کام کرتی ہے۔ کمپنی کو سیتاپور کے راجیو آنند اور ارون کمار مال فراہم کرنے کا کام کرتے ہیں۔ راجیو اور آنند کی سیتاپور میں بالا جی انفا پراپرٹیز اور ارون کی سیتاپور کمیونکیشن کے نام سے ایک کمپنی ہے ۔
بتایاجاتا ہے کہ گزشتہ سال اپریل میں دونوں نے کمپنی سے موبائل فون اور ری چارج کوپن فراہم کرنے کیلئے پچاس لاکھ روپئے پیشگی حاصل کر لئے تھے۔ روپئے لینے کے بعد بھی ان لوگوں نے کمپنی کو مال نہیں پہنچایا۔ کمپنی نے جب دونوں پر اس سلسلہ میں دباؤ ڈالا تو ان لوگوں نے سولہ ا
پریل ۲۰۱۳ ء کو پچاس لاکھ کا چیک دے دیا۔ کمپنی نے جب چیک کو بینک میں کیش کیلئے جمع کیا تو کھاتے میں روپئے نہ ہونے کی وجہ سے چیک کیش نہ ہو سکا۔ اس کے بعد سے مسلسل دونوں کاروباری کمپنی کو روپئے واپس کرنے کے نام پر گمراہ کر رہے تھے۔ گزشتہ اکتیس مارچ کو جب کمپنی کی خاتون اکاؤنٹینٹ رفعت جمال نے دونوں تاجروں سے روپئے واپس کرنے کی بات کہی تو ان لوگوں نے فون پر خاتون سے گالی گلوج کی ۔اس کے بعد منگل کو خاتون اکاؤنٹینٹ نے دونوں تاجروں راجیو اور ارون کے خلاف حضرت گنج کوتوالی میں امانت میں خیانت اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کی رپورٹ درج کرا دی ہے ۔