لکھنؤ(نامہ نگار)مال، ملیح آباد اور کاکوری علاقے میں سن سان مقامات پر موٹرسائیکل سے چلتے ہوئے خواتین کے گلے سے زیورات لوٹنے والے دوشاطر اچکوں کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے ایک طمنچہ اور اپاچی موٹرسائیکل برآمد کی ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ پولیس ان اچکوں سے لوٹے گئے زیورات خریدنے والے ہردوئی کے ایک صراف کو بھی گرفتار کر تے ہوئے اس کی دکان سے چھینی گئی جھمکی برآمد کی ہے۔ ایس پی دیہی سومتر یادو نے بتایا کہ ملیح آباد پولیس نے سنیچر کی شام کو چیکنگ کے دوران نگر نگم سہ راہے کے پاس ایک موٹرسائیکل سوار دو مشتبہ نوجوانوں کو پکڑا۔ دوران تلاشی ان کے پاس سے ایک طمنچہ اور سونے کی چین برآمد ہوئی۔ تفتیش میں دونوں اچکوں نے اپنا نام ستیہ پال اور پیارے لال ساکن ہردوئی بتایا۔ ان لوگوں نے بتایا کہ ۱۲دسمبر کو ملیح آباد علاقہ میں ایک خاتون کے کان سے یہ جھمکی کھینچی تھی۔ فرار ہوتے وقت ان کی پلسر موٹرسائیکل خراب ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ اس واردات میں استعمال پلسرگاڑی کو اچکے راستے میں ہی چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے جس کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ موٹرسائیکل پر درج نمبر بھی جعلی تھا۔ ملزمین نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ لوٹے گئے زیورات وہ ہردوئی کے سنڈیلہ میں صراف ستیش چندر گپتا کی دکان پر فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے ان کی نشاندہی پر
صراف کی دکان سے ایک جھمکی برآمد کرتے ہوئے خریدنے والے ستیش چندر کو گرفتار کر لیا ہے۔