شاہجہاں پور(یو این آئی) اترپردیش کے ضلع شاہجہاں پور کے اللہ گنج علاقہ میں گشت کے دوران آج علی الصبح تین گاڑیوں کی ٹکر سے لگنے والی آگ میں جل کر دو سپاہی اور ایک ہوم گارڈ ہلاک جبکہ ایک سپاہی سنگین طور پر زخمی ہوگیا۔بری طرح جھلس جانے کی وجہ سے لاشوں کی شناخت نہیں ہوپا رہی ہے اس لئے افسروں نے انکے ڈی این اے جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گشت کے دوران تھانہ کی طرف لوٹ رہی پولیس کی جیپ سامنے سے آ رہے چونا پتھر سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اسی وقت گیس کیپسول کا خالی ٹینکر بھی پیچھے سے آ ٹکرایا۔ جس کے بعد تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ آگ کی لپٹیں چار گھنٹہ تک اٹھتی رہیں۔دریں اثنا موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بمشکل آگ پر قابو پایا۔ حادثہ کے وقت جیپ کا ڈرائیور سپاہی تو باہر گر پڑا لیکن جیپ میں بیٹھے دونوں سپاہی اور ہوم گارڈ زندہ جل گئے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ سید وسیم احمد اور اے ایس پی دیہات شیو شنکر یادو موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ تینوں لاشیں نکال لی گئی ہیں لیکن بری طرح جلی ہونے کی وجہ سے یہ پتہ نہیں چل پا رہا تھا کہ کون سی لاش کسی ہے۔ذرائع کے مطابق سپاہی شیلیش یادو، سنیل یادو، سنجے یادو اور ہوم گارڈ ستیش یادو تھانہ کی جیپ لے کر گشت پر نکلے تھے۔ کولڈ اسٹور کے پاس پولیس جیپ نے آگے چلنے والے گیس کیپسول ٹینکر کو اوور ٹیک کرتے وقت سامنے سے آ رہے چونا پتھر سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر لگتے ہی پولیس جیپ کا ڈرائیور سپاہی نیچے گر گیا۔ اسی وقت پیچھے سے آرہے گیس کیپسول ٹینکر نے بھی ٹکر مار دی۔زبردست ٹکر سے تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ ٹکر کے بعد پھنسے زخمی دونوں سپاہی شیلیش یادو، سنجے یادو اور ہوم گارڈ ستیش یادو کو نکلنے کا موقع نہیں مل پایا۔ آگ نے تینوں کو اپنی زد میں لے لیا اور گاڑیوں کے ساتھ تینوں جل کر ہلاک ہوگئے۔
انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ایس پی کا جلسہ
شاہ آباد(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کا ایک اہم جلسہ پارٹی کے دفتر پر منعقد ہوا۔ جلسہ میںپارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا۔ پارٹی کے رکن اسمبلی بابوخاں ، ان کے نمائندے سرتاج خاں سمیت اسمبلی حلقہ وشہر شاخ کی مجلس عاملہ کے تمام اراکین وکارکنان موجود تھے۔