لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ ضلع مجسٹریٹ دفتر پر اولین سطح پر جمعرات کی صبح سے ہی پٹاخہ لائسنس بنوانے والوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ اس میں کمرا نمبر ۴۵ واقع ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ پنجم نے دفتر میں درخواست فارم جمع کرنے پہنچی بھیڑ کو قابو میں کرنے کیلئے سپاہیوں کو لگانا پڑا، تب جاکر بھیڑ کو قابو میں کیا جا سکا اور ایک دن میں ۲۵۰ لوگوں کے درخواست فارم جمع ہوئے۔ ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ پنجم شیلندر کمار مشرا نے بتایا کہ شہری حلقہ میں پٹاخہ کی دکانیںلگانے کا لائسنس جاری رکھنے کا عمل چل رہا ہے۔ اسی سلسلہ میں جمعرات کو وکاس نگر اور مہانگر حلقہ کے پٹاخہ تاجروں کو لائسنس بن
وانے کیلئے درخواست فارم جمع کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسی لئے دفتر میں صبح دس بجے سے ہی درخواست فارم جمع کرنے والوں کی بھیڑ جمع ہونا شروع ہو گئی۔ اس میں ۷۰ فیصد درخواستیں پرانے دکانداروں کی ہیں جو سابقہ میں دیوالی کے موقع پر پٹاخہ کا کاروبار کرتے رہے ہیں۔
اس مرتبہ ضلع مجسٹریٹ نے دیوالی کے مد نظر محض پانچ دن کیلئے پٹاخہ کی دکانیں لگانے اور پٹاخہ فروخت کرنے کا لائسنس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس لئے ۲۱؍اکتوبر سے ۲۵؍اکتوبر تک ہی پٹاخہ کاروباریوں کی طرف سے بنوائے جانے والے عارضی لائسنس منظور شدہ ہوں گے۔ اس میں پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں سبھی علاقوں میں گھوم گھوم کر بغیر لائسنس کے پٹاخہ کی دکانیں لگانے اور پٹاخہ فروخت کرنے والوں کی نشانزدہی کرے گی۔اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف ضابطہ کے مطابق کارروائی بھی کی جائے گی۔ اس لئے سبھی دکاندار پٹاخہ کی دکانیں لگانے کیلئے عارضی لائسنس جاری کرانے کی جلدی میں ہیں جس کی وجہ سے کلکٹریٹ میں بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔