نئی دہلی، 11 مارچ (یو این آئی) حکومت نے آج راجیہ سبھا میں واضح کیا کہ پیٹرولیم وزارت سے دستاویز لیک معاملے میں کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور بڑے سے بڑے شخص کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی۔پیٹرولیم وزیر دھرمیندر پرھان نے وقفہ سوال کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے میں کسی بڑی کمپنی یا بڑے شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
دہلی پولیس اس کی تفتیش کر رہی ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کی پہل پر دہلی پولیس نے گزشتہ 18فروری کو کُل چھ لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد کچھ اور لوگوں کی گرفتاری ہوئی ہے ۔ اس معاملے میں کچھ کمپنیوں کے سینئر افسران بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔
مسٹر پردھان نے کہا کہ اہم رپورٹوں اور کابینہ نوٹ علیحدہ کمپیوٹر پر تیار کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ لیک نہ ہو سکے ۔ اس کیلئے ہدایت جاری کر دیئے گئے ہیں اور اب حساس سرکاری کام الگ کمپیوٹر پر ہی کئے جا رہے ہیں۔ پوری وزارت کے کوریڈوروں میں دروازے لگائے جائیں گے اور دفتر کے اوقات کے بعد صرف ایک دروازہ کھلا رہے گا اور وہاں گارڈ تعینات کئے جائیں گے ۔ وزارت میں اور زیادہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے ۔