آپ کے گھر پر اچانک گیس ختم ہوجائے تو اب پریشان نہیں ہونا پڑے گا۔ راجدھانی کے تقریباً آٹھ پٹرول پمپوں پر بغیر سبسڈی والے گیس سلنڈر ملیںگے۔ تیل مارکیٹنگ کمپنی کے ذرائع کے مطابق اپنا شناختی کارڈ دکھانے پر ایک ہزار روپئے میں گیس سلنڈر اور ڈھائی سو روپئے میں ریگولیٹر ملے گا۔ اس گیس سلنڈر میں ایک سے پانچ کلو گیس صبح پانچ بجے سے رات گیارہ بجے تک ملے گی۔
اس مہینے کے آخر تک راجدھانی کے پٹرول پمپوں پر بھی پانچ کلو گرام ایل پی جی والے غیر سبسڈی سلنڈروں کی فروخت شروع ہو جائے گی۔ گیس ریفلنگ کیلئے صارفین کو اپنا شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔ یہ بات تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے کنوینر اور آئی او سی کے ریاستی سربراہ یو پی سنگھ نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ٹیم اس سلسلہ میں کام کر رہی ہے۔ جس کی رپورٹ آئندہ ہفتے تک آجائے گی۔ جس کی بنیاد پر نشانزد کئے گئے پٹرول پمپوں پر گیس فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس فیصلہ سے عام آدمی کے مستفید ہونے کی امید ہے۔ کیونکہ اس طرح سے عام آدمی کو آسانی سے گیس سلنڈر ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے شناخت کے کسی ثبوت کی بنیاد پر پٹرول پمپوں کے ذریعہ بازار قیمت پر ایسے صارفین کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے پانچ کلو گرام کے ایل پی جی سلنڈروں کے فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے طلباء بی پی او ملازمین اور دیگر افراد کیلئے بہت آسانی ہوگی کیونکہ اس سے انہیں سلنڈر حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا ہوگا۔ پٹرول پمپوں سے پانچ کلو گرام گیس کی فروخت پانچ اکتوبر کو ممبئی، کولکاتا، چنئی اور بنگلور میں چنندہ کمپنیوں سے ان سلنڈروں کی فروخت کیلئے یہ اسکیم شروع کی تھی۔