نئی دہلی: ہندوستان کی کانگریس پارٹی نے انسدادِ بدعنوانی کے لیے ہیلپ لائن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عام آدمی پارٹی کی جانب سے تقریب کے مقام پر وی آئی پی بورڈ لگائے جانے کی مذمت کی ہے۔
گانکریس پارٹی نے کہا کہ 50 دن میں عام آدمی وی آئی پی بن گیا ہے۔
ہندوستانی ریاست دہلی میں کانگریس کے صدر اجے ماکن نے تال کٹورا اسٹیڈیم کے باہر وی آئی پی پارکنگ اور وی وی آئی پی بورڈ کی تصاویر پوسٹ کی ہیں، جہاں عام آدمی پارٹی کے رہنما دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے انسدادِ بدعنوانی کی ہیلپ لائن کا افتتاح کیا۔
اجے ماکن نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ میں تال کٹورا اسٹیڈیم کے پاس سے گزرا۔ ان تصاویر کو دیکھیں، کیسے صرف 50
دن میں عام آدمی پارٹی وی آئی پی اور وی وی آئی پی بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی پارٹی نے اعلان کیا تھا کہ وہ وی آئی پی کلچر ختم کردیں گے، اور اب وی آئی پی بورڈ لگا کر خود اس کلچر میں داخل ہو رہے ہیں۔
اس پروگرام میں دہلی کے تمام وزراء، عام آدمی پارٹی کے اراکینِ اسمبلی اور حکومت کے سینئر عہدے داروں نے شرکت کی۔