نئی دہلی:پرووائڈنٹ فنڈ میں پانچ سال یا اس سے کم مدت کے لئے سبسکرپشن کرنے والے ملازمین کے اپنی رقم نکالنے پر 50 ہزار روپے تک کسی طرح کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔
ای پی ایف آرگنائزیشن کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور یہ کل سے نافذ ہوجائے گا۔ حکومت نے ای پی ایف فنڈ میں پانچ سال تک سبسکرپشن کرنے والے ملازمین کو راحت دیتے ہوئے کل جمع رقم نکالنے کے لئے ٹی ڈی ایس کی حد 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی ہے ۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی نوٹیفکیشن 2016 کے ذریعے انکم ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 192 اے میں ترمیم کرتے ہوئے ای پی ایف کی رقم نکالنے کے لئے ٹی ڈی ایس کی حد بڑھا دی گئی ہے ۔ اس سے ای پی ایف آرگنائزیشن کے کروڑوں صارفین کو فائدہ ملے گا۔
موجودہ دفعات کے مطابق ای پی ایف میں پانچ سال یا پانچ سال سے کم مدت تک سبسکرپشن کرنے والے ملازمین کو پی ایف کے نکالنے کے لئے 30 ہزار روپے سے زیادہ کی رقم پر 10 فیصد کی شرح سے ٹی ڈی ایس چکانا پڑتا ہے ۔ نئے ضابطے میں یہ حد 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پانچ سال کے بعد پی ایف کی رقم نکالنے پر کوئی کٹوتی نہیں ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ پی ایف کے دوسرے منتقلی پر ٹی ڈی ایس کی کٹوتی نہیں ہوتی ہے ۔