جے پور:اترپردیش میں پنچایتی انتخابات میں پہلی بار اترنے والی بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کافی پرامید ہے ، جس سے پارٹی کارکنوں کے اندر کافی جوش و خروش ہے ۔بی جے پی کی اترپردیش یونٹ کے انچارج اوم پرکاش ماتھر نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ پنچایتی انتخابات میں اب تک پارٹی الگ رہتی تھی، لیکن پہلی بار اس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس سے پارٹی کارکنوں میں کافی جوش و خروش ہے اور اس سے پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اقتدار میں ہونے کی وجہ سے پنچایتی انتخابات میں گڑبڑیاں شروع کردی ہیں اور درج فہرست ذات ، اور دیگر پسماندہ طبقات کے وارڈوں کے ریزرویشن کے معاملے پر اس کی نیت صاف نہیں ہے ۔مسٹر ماتھر نے کہا کہ اگرچہ ان انتخابات میں مقامی موضوعات زیادہ کامیاب رہتے ہیں، لیکن حکومت کی ناکامیابیوں کو بھی موضوع بنایا جائے گا ۔خیال رہے کہ پنچایتی انتخابات میں اب تک سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے درمیان مقابلہ ہوتا تھالیکن مسٹر ماتھر کی پہل پر بی جے پی نے پنچایتی انتخابات کو سہ رخی بنادیا ہے ۔ آئندہ 9 اکتوبر سے شروع ہونے والے یہ انتخابات چار مرحلوں میں کرائے جارہے ہیں ۔ اس الیکشن میں پارٹی انتخابی نشان نہیں ہوگا۔ بلکہ صرف پارٹی کے امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔