نئی دہلی:پاکستان رینجرس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر فاروق برقی نے ہندوستان او رپاکستان کے سرحدی محافظوں کی سال میں دوبار ہونے والی ڈائریکٹرجنرل سطح کی میٹنگ کے دوسرے روز آج بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل دیویندر کمار پاٹھک کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھانے سے قبل وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی ۔باخبر ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران مسٹر راج ناتھ سنگھ نے پاکستانی وفد سے کہا کہ ہندوستان اپنی طرف سے فائرنگ میں پہل نہیں کرے گا اور اپنی پوزیشن برقرار رکھے گا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے پاکستانی رینجر س کے سربراہ سے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے پہلی گولی نہیں چلائی جائے گی۔فریقین سرحد پرامن و سکون قائم کرنے کے لئے ای میل یا فون کے ذریعہ کمیونیکیشن لائن برقرار رکھنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں سرحد پر خاصی کشیدگی رہی ہے ۔