نئی دہلی۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹسٹ سے ایک ہفتے پہلے فلپ ہیوز کی المناک موت سے سیریز کے پہلے میچ پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں اور سنیل گواسکر کا خیال ہے کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ کو طے
کرنا ہوگا کہ میچ منسوخ کیا جائے یا نہیں۔ گواسکر کا خیال ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہیوز کی موت کے بعد میچ کھیلنے کی ذہنی حالت میں نہیں ہوں گے۔ہندوستان کے سابق کپتان نے کہا یہ مشکل ہوگا۔ پہلے ٹیسٹ میں ابھی ایک ہفتے ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ کوئی کھیلنے کے موڈ میں نہیں ہو گا۔ کوئی ذہنی طور پر اس کیلئے تیار نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا ہیوز کو میدان سے باہر لے جاتے ہی نیو سائوتھویلس اور ساؤتھ آسٹریلیا کا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ میچ منسوخ کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ دونوں بورڈ کو لینا ہے۔ گواسکر نے ہیوز کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے این ڈی ٹی وی سے کہا کوئی کسی بھی کھلاڑی کے بارے میں اس طرح کی خبر سننا نہیں چاہتا اور وہ بھی ایسے وقت پر جب سیکورٹی آلات دستیاب ہیں۔ میں ہیوز کے خاندان اور آسٹریلوی کرکٹ برادری کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔گواسکر نے کہا گیند نے اس حصے کو چھو لیا جو محفوظ نہیں تھا جس سے دماغ کے اندر اندر خون بہنا شروع ہو گیا جس سے اس کی موت ہوئی۔ عام طور پر ایسے حادثے نہیں ہوتے ہیں۔