فی کنٹل 4,900 روپئے ، خریف فصل کے بعد قیمتوں میں کمی متوقع
نئی دہلی ؛ پیاز کی ہول سیل قیمتوں میں آج زبردست اضافہ ہوا ہے۔ یہ قیمتیں 2 سالہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے اس سے متجاوز کرگئی ہیں۔ ہول سیل مارکٹ میں فی کنٹل پیاز کی قیمت 4,900 روپئے ہے۔ ناسک کی ہول سیل مارکٹ کو ملک کا سب سے بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے جہاں پر فی کنٹل 400 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری ڈاٹا کے مطابق ہول سیل قیمتوں پر پیاز کی فروخت 4,500 روپئے فی کنٹل تھی جس میں اچانک 400 روپئے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اس مارکٹ میں یہ قیمتیں دو سال کے دوران اعظم ترین سمجھی جارہی ہیں۔ پیاز کی کاشت میں تاخیر کے باعث اس کی سربراہی میں کمی آئی ہے۔ خریف فصل کی تیاری بھی کم ہوگئی ہے۔ قومی ہارٹیکلچر ریسرچ اور ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آر پی گپتا نے بتایا کہ مہاراشٹرا ، کرناٹک اور آندھرا پردیش سے پیاز کی خریف فصل میں قابل لحاظ کمی کا امکان ہے۔ ناکافی بارش کے باعث پیاز کی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔ ان ریاستوں میں خشک سالی کا بھی خطرہ پایا جاتا ہے۔ ملک میں پیاز کی ربیع فصل کا ذخیرہ کیا گیا تھا ۔ ماہ جولائی میں یہ پیاز 28 لاکھ ٹن سے گھٹ کر 14 لاکھ ٹن ہوگئی ہے۔ سال 2014-15ء میں پیاز کی فصل کا تخمینہ 189 لاکھ ٹن لگایا گیا تھا لیکن اس میں کمی آئی ہے جبکہ ایک سال قبل 194 لاکھ ٹن کی پیداوار ہوئی تھی۔ حکومت دہلی نے ذخائر کی نگرانی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ہیںجو کل سے ہی اپنے کام کاآغاز کردیں گی۔