پرانے لوگ بیماریوں اور تکالیف کے علاج کے لیے اپنے پاس دستیاب قدرتی مواد اور اشیاء پر انحصار کرتے تھے اور اس وقت دواؤں کو نہیں جانا گیا تھا۔ اس کے باوجود وہ لوگ اچھی صحت اور بیماریوں سے لڑنے کے لیے بہترین قوت مدافعت کے حامل ہوتے تھے۔
آج کے جدید دور میں ہم کوئی بھی درد یا کسی بیماری کی علامت محسوس کرتے ہیں تو فورا ڈاکٹر کا رخ کرتے ہیں اور دوائیں کھانا شروع کر دیتے ہیں۔
صحت سے متعلق ویب سائٹ “بولڈ اسکائی” کی ایک رپورٹ کے مطابق ہمارے گھروں میں دستیاب پھل، سبزیاں، جڑی بوٹیاں اور مصالحہ جات بہت سی بیماریوں اور تکالیف کے لیے شفا کے خزانے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان ہی میں ایک بے مثال خزانہ پیاز بھی ہے۔
کوئی باورچی خانہ بھی پیاز سے خالی نہیں ہوتا اس لیے کہ اکثر کھانوں میں اس کا استعمال ہوتا ہے اور ہم روزانہ ہی اس کو کھاتے ہیں۔ تاہم کیا آپ پیاز کے صحت کے لیے فوائد اور معالجاتی خصوصیات سے واقف ہیں؟
آیے اس سلسلے میں پیاز کے 6 فوائد سے آگاہ ہوتے ہیں :
1- پیاز کا رس جلد کے معمولی طور پر جلنے کی صورت میں اس کے علاج کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آپ تازہ پیاز کی ایک موٹی پرت لے کر اسے جلی ہوئی جلد پر مَل سکتے ہیں تاکہ جلنے کی تکلیف کم ہوجائے اور اس کا فوری علاج ہوسکے۔
2- پیاز کا رس کیڑوں کے کاٹ لینے کی تکلیف کم کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔ اس کے لیے متاثرہ جلد پر تازہ پیاز کا ٹکڑا لے کر مَلا جائے۔
3- پیاز سے “پاؤں کے گوکھرو” foot corn) ( کا علاج بھی کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے پیاز کے ٹکڑوں کو لے کر پاؤں کے متاثرہ مقام پر مَلا جائے تو بتدریج یہ گوکھرو ختم ہوتا جائے گا۔
4- پیاز جسم کے بلند درجہ حرارت کو کم کرتی ہے۔ اگر آپ کو بخار ہے تو آپ سونے کے لیے جانے سے پہلے پیاز کی کچھ پرتیں اپنے موزے میں رکھ لیں تاکہ پیاز پاؤں کے تلوے کو چھوتی رہے۔ یہ جسم کے درجہ حرارت کو کرنے میں معاون ہوتا ہے اور پاؤں سے زہریلے مواد کو چوس لیتا ہے۔
5- اگر آپ کو متلی کی شکایت ہے تو پیاز کے رس کے دو چمچے پی لینے سے آپ کا علاج ہوسکتا ہے۔ یہ عمل قے کو روکتا ہے اور متلی کے احساس کو کم کردیتا ہے۔
6- اگر آپ بالوں کی سست نشونما کے مسئلے سے دوچار ہیں تو روزانہ بالوں کی جڑوں میں پیاز کے رس کا مساج کریں اور کچھ وقت کے لیے ایسے ہی چھوڑ کر پھر شیمپو سے سر کو دھولیں۔ پیاز بالوں کی نشونما کی رفتار کو تیز کر دیتی ہے۔