کانپور ۔ کانپور شہر پارلیمانی نشست سے پیس پارٹی کے امیدوار محمد ناصر نے عوام سے اپنے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس نے اقتدار میں رہتے ہوئے لوگوں کو بے روزگار بنایا ہے۔اردو زبان سے لے کر لوگوں کے روزگار ختم کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کانگریس کا متبادل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے تبیلہ صنعت کو ریاستی صنعت کا درجہ دیا لیکن بنکر صنعت کو درجہ نہیں دیا جو کروڑوں لوگوں کے روزگار کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کانپور کی شناخت چمڑا صنعت سے ہے۔آئے دن ٹینریوں پر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو لیکر انہیں سیل کیا جارہاہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ حکومت کے فنڈ سے ایک بڑا ٹریٹمنٹ پلانٹ بنوایا جائے اور تمام ٹینریوں کو اس سے منسلک کردیا جائے تاکہ صنعت
کو فروغ حاصل ہوسکے۔
مسٹر ناصر نے کہا کہ جرائم پر فوری اثر سے پابندی عائد کی جائے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ریاست کے لوگوں کو انصاف دلانے کے لئے پیس پارٹی کے صدر ڈاکٹر محمد ایوب کے ہاتھوں کو مضبوط کیا جائے۔ پیس پارٹی وعدہ کرتی ہے کہ مظلوم کو انصاف دلائے گی۔ روزگار کے مواقع مہیا کرائے جائیں گے اور جرائم میں کمی ہوگی اور جو بے قصور جیلوں میں بند ہیں ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ اس لئے پیس پارٹی کے قائد کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے کے لئے ۳۰؍اپریل کو پنکھے کا بٹن دبا ئیں۔