نئی دہلی:راجیہ سبھا میں آج تقریبا تمام اراکین نے پارٹی کی سیاست سے اوپر اٹھ کر ”پیڈنیوز” کے معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔اطلاعات ونشریات کے وزیر ارون جیٹلی نے کہا کہ حکومت کو اراکین کی تشویش کا احساس اور ان کا بھی خیال ہے کہ کسی حکومت کے ذریعے حد سے زیادہ اشتہارات دیا جانا رشوت کے مترادف ہے ، انہوں نے کہا کہ اس مسئلے سے نپٹنے کے اقدامات کے بارے میں ایوان میں بحث کی جانی چاہئے ۔”بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے وجے گوئل نے وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ”پیڈ نیوز” کی وجہ سے خبروں کی معتبریت خطرے میں پڑگئی ہے ۔ اخبارات میں خبروں اور اشتہارات میں فرق کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک دن ایک مشہور اخبار نے خبر شائع کی تھی کہ جفت اور طاق فارمولے سے دہلی میں آلودگی میں کمی نہیں آئی اور دوسرے دن اسی اخبار میں بڑے بڑے حرفوں میں لکھاتھا کہ جفت اور طاق پوری طرح کامیاب، مسٹر گوئل نے کہا کہ وہ پریس کونسل آف انڈیا کو اس بارے میں خط لکھ چکے ہیں لیکن انہیں اب تک اس کا کوئی جواب نہیں ملا ہے ۔ بی جے پی کے رکن نے کہا کہ میڈیا کو اس سے نپٹنے کے لئے ایک جواب دہی کمیٹی بنانی چاہئے ۔