دتیا، 20 نومبر :مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت میں وزیر نروتم مشرا کو مقامی عدالت نے پیڈ نیوز کا مجرم گردانتے ہوئے خبر کی اشاعت کے اخراجات کو وزیر موصوف کے انتخابی اخراجات میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ دتیا اسمبلی حلقے کے تعلق سے قائم کی گئی ضلعی سطح کی نگرانی کمیٹی نے یکم نومبر کو کچھ اخبارات کی تحقیق کے دوران چند خبروں کو “پیڈ نیوز” قرار دیا تھا جس کے بعد بی جے پی امیدوار مسٹر مشرا کو ڈسٹرکٹ الیکٹورل افسر نے نوٹس جاری کیا تھا۔ مسٹر مشرا نے اس نوٹس پر اپنا جواب داخل کیا تھا جس پر انتخابی اخراجات کے مبصرین کی موجودگی میں پیڈ نیوز کمیٹی نے غوروخوض کیا۔ کل ہوئی اس میٹنگ میں کمیٹی نے مسٹر مشرا کے جواب کو خارج کردیا اور اخبارات میں شائع خبروں کو کسی مخصوص امیدوار کو فائدہ پہنچانے والا مانتے ہوئے سرکاری ریٹ سے 42 ہزار 640 روپے 60 پیسے کی رقم امیدوار کے انتخابی اخراجات میں جوڑنے کا فیصلہ کیا۔ مسٹر مشرا کے خلاف پیڈ نیوز کے ایک دوسرے معاملے میں بھی الیکٹورل آفیسر نے انہیں نوٹس بھیجا ہے