نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) کو پی ایس ایل وی۔ سی34 کو کامیابی سے لانچ کیے جانے کے لیے مبارکباد دی ہے ۔یہ سیٹلائٹ ایک سنگل مشن کے تحت بھیجا گیا ہے اور اس میں کارٹوسیٹ۔2 سیریز کے سیٹلائٹ اور 19 معاون مسافر سیارچے شامل ہیں۔ اس طریقے سے یہ ایک ریکارڈ کے طور پر 20 سیارچوں کو لیکر مدار میں گیا ہے ۔اِسرو کے چیئرمین اے ایس کرن کمار کے نام اپنے پیغا م میں صدر جمہوریہ ہند نے کہا ہے کہ ”میں آپ اور آپ کی پوری ٹیم کو پی ایس ایل وی۔ سی34 کو کامیابی سے مدار میں پہنچانے کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ سیارچہ کارٹوسیٹ۔ 2 سیریز سیارچے او ر19 معاون مسافر سیارچوں کے ساتھ 20 سیارچوں کے ریکارڈ کے ساتھ مدار میں پہنچا ہے ۔
صدر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کارٹوسیٹ۔2 سے حاصل ہونے والی تصاویر مخصوص مقام کی شبیہ حاصل کرنے میں مددگار ہوں گی اور ان کا استعمال تفصیلی طور پر نقشہ بندی اور اسی زمرے کے دیگر کاموں کیلئے کیاجاسکے گا اور ساتھ ہی ساتھ ارضیاتی اطلاعات نظام یعنی ایل آئی ایس اور جغرافیائی اطلاعاتی نظام (جی آئی ایس ) جیسے کاموں میں بھی ان کا مفید استعمال ممکن ہوسکے گا۔پورے ملک کو اس کامیابی پر فخر ہے اور اس کامیاب پرواز نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ بھارت خلائی سائنس کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں میں افزوں طو رپر ترقی حاصل کررہا ہے ۔صدر نے کہا کہ براہِ کرم آپ میری مبارکباد اپنے ٹیم کے تمام اراکین ، سائنسدانوں، انجینئروں، ماہرین اور اس سے وابستہ دیگر تمام افراد تک پہنچا دیں۔ میں اسرو کی جانب سے اس شعبے میں مستقبل میں کی جانے والی تمام کوششوں کی کامیابی کی تمنا کرتا تھا۔ ”