نئی دہلی:پبلک سیکٹر کا پنجاب نیشنل بینک (پی این بی)نے مشہور صنعت کار وجے مالیا، ان کی کمپنی کنگ فشر ایئر لائنز اور یونائیٹڈ بروریز کو مکمل طور پر ڈیفالٹر قرار دیا ہے ۔بینک نے آج بتایا کہ دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق، مسٹر مالیا اور ان دونوں کمپنیوں کو ان کے قانونی نمائندوں کے ذریعے بینک کی طرف سے قائم کمیٹی کے سامنے اپنا موقف رکھنے کا موقع دیا گیا تھا۔ان کی دلیل سننے کے بعد بینک نے ریزرو بینک (آر بی آئی)کی ہدایات کے مطابق انہیںمکمل طور پر ڈیفالٹرقرار دیا ہے ۔ بینک نے ان کے خلاف بقایہ وصولی کا عمل کو شروع کر دیا ہے ، ساتھ ہی ڈیبتھ ریکوری ٹریبونل کے سامنے بقایہ وصولی کے لئے معاملہ بھی درج کرایا ہے ۔گزشتہ سال نومبر میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے بھی مسٹر مالیا کو مکمل طور پر ڈیفالٹرقرار دیا تھا۔آر بی آئی کی رہنما ہدایات کے مطابق، ایک بار مکمل طور پر ڈیفالٹر قراردئے جانے کے بعد انہیں کسی بھی بینک یا مالیاتی ادارے سے اضافی سہولت نہیں ملے گی۔ ساتھ ہی مکمل طور پر ڈیفالٹر کی فہرست سے نام ہٹنے کے پانچ سال بعد تک وہ نئے کاروبار شروع کرنے کے لئے ادارہ جاتی مالی مراعات کے بھی حقدار نہیں ہوں گے ۔