لکھنؤ(نامہ نگار)ایس جی پی جی آئی میں کام کرنے والے ٹھیکہ ملازمین نے بدھ کو صبح ۴گھنٹے کام کا بائیکاٹ کیا۔ ٹھیکہ ملازمین سی ڈی آر آئی کی طرز پر تنخواہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ملازمین کی جانب سے کام کا بائیکاٹ کئے جانے سے صبح ۴گھنٹے کیلئے ادارہ کا صفائی نظام درہم برہم ہوگیا۔ اس دوران مریضوں اور اسپتال انتظامیہ کو زبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ پی جی آئی میںموجودہ وقت میں ۶۰۰درجہ چہارم صفائی ملازمین ٹھیکے پر تعینات ہیں۔ یہ سبھی ملازمین گذشتہ کافی عرصہ سے سی ڈی آر آئی کے درجہ چہارم ملازمین کی طرز پر تنخواہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپنے مطالبات کی حمایت میں گذشتہ ۲۷؍اگست سے سبھی ملازمین صبح ۲گھنٹے کام کا بائیکاٹ کر رہے
ہیں۔
ایک ہفتے سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد پی جی آئی انتظامیہ کی جانب سے کوئی جواب نہ دیئے جانے سے ناراض ٹھیکہ ملازمین نے بدھ کی صبح سے چار گھنٹے کام کا بائیکاٹ کیا۔ صفائی ملازمین کے ذریعہ چار گھنٹے کام کا بائیکاٹ کئے جانے سے پی جی آئی کا صفائی نظام درہم برہم ہو گیا۔ اس کے بعد ادارہ کے ڈائرکٹر پروفیسر آر کے شرما نے صفائی ملازمین کے عہدیداروں کو بلا کر کام کا بائیکاٹ ختم کرنے اور صفائی بندوبست کو بحال کرنے کی بات کہی۔ ڈائرکٹر نے ان کے مطالبات پر غور کئے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔