کراچی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل میں کی گئی حالیہ انتظامی تبدیلیوں کی مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے حال ہی میں تمام انتظامی اختیارات تین ملکوں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو دے دیے ہیں۔دبئی میں آئی سی سی بورڈ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بگ تھری کے حوالے سے آئی سی سی کی قرارداد کی اس شرط پر حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو سنہ 2015 سے 2023 تک کرکٹ کھیلنے والے تمام ملکوں سے مقابلوں کا موقع دیا جانا چاہیے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ’ہم نے نظر ثانی شدہ قرارداد پر گفت و شنید، مشاورت اور بات چیت کا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔‘انھوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے اہم بات یہ ہے کہ ہندوستان سمیت انھیں تمام ملکوں سے یہ یقینی دہانی حاصل ہو کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھیلیں گے۔انھوں نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ملکوں کے ساتھ کھیلنے کے ’فیوچر ٹور پروگرام‘ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔سیٹھی نے کہا کہ بگ تھری سے متعلق آئی سی سی کی قرارداد میں ترامیم کے بعد پاکستان نے اس پر اپنا موقف تبدیل کر لیا ہے کیونکہ ترامیم کے بعد اب یہ قرارداد قابلِ قبول ہو گئی ہے۔چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آسی سی سی اجلاس میں حاصل کی گئی اپنی کامیابیوں کی تفصیلات جلد جاری کرے گا۔