عامر خان کی فلم ‘پی کے’ بولی وڈ کی اب تک کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم بن چکی ہے جب کہ اب اس فلم کو یورپ کے مختلف ممالک میں بھی سینماؤں میں پیش کر دیا گیا ہے۔
اس فلم میں مذہبی توہم پرستی کو پرمزاح انداز سے پیش کیا گیا اور شائقین نے اسے ایک اچھا پیغام سمجھ کر بے حد پسند بھی کیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق فلم پی کو اب جرمنی، آسٹریا اور سوئٹزر لینڈ میں 50 سے زائد سینما گھروں میں ریلیز کر دیا گیا ہے۔
راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم پی کے میں عامر خان کے ساتھ ساتھ انوشکا شرما اور سوشانت سنگھ راجپوت شامل ہیں۔
عامر خان کی فلم پی کے بوکس آفس پر 300 کروڑ کمانے والی پہلی فلم بن چکی ہے جب کہ حیرت انگیز طور پر بوکس آفس پر 100، 200 اور 300 کروڑ روپے کمانے والی تینوں فلموں کے اہم کردار عامر خان ہیں۔
اس فلم میں عامرخان نے ایک ایلین کا کردار ادا کیا ہے جو زمین پر ہونے والے مذہبی اختلافات کے بارے میں آواز اٹھاتا ہے۔
یہ فلم اب تک شمالی امریکا، گلف، بریٹین، پاکستان، آسٹریلیا، سنگاپور، نیوزی لینڈ، ملیشیا، جنوبی آفریقہ، سری لنکا سمیت متعدد جگہوں پر ریلیز کی جاچکی ہے۔