لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چار باغ اسٹیشن کی تصویر بدلنے کی تیاری شروع ہو گئی۔ یہاں ایک جلسہ گاہ بھی بنایا جائے گا۔ افسروں کے بیٹھنے کیلئے ایئر کنڈیشنڈ کمرے بنیں گے۔ مسافروں کے بیٹھنے کیلئے نئی چمچماتی کرسیاں و آرام کرنے کیلئے بہتر بندوبست ہوگا جہاں پر مسافر بیٹھیں گے وہاں فرش پر خوبصورت ٹائلس لگائے جائیں گے۔
غلاظت سے بجبجا رہے بیت الخلاء کی حالت میں سدھار کیا جائے گا اس کے ساتھ ہی ان کی تعداد میں پرانی و خستہ ہو چکی وائرنگ تبدیل کی جائے گی اس کے ساتھ ہی رنگ و روغن کر کے پوری عمارت کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ حالانکہ عالم باغ بس اسٹیشن جیسا تو بندوبست نہیں ہو سکے گا لیکن مسافروں کو بہتر سہولیات دینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ فی الحال اس کام میںتقریباً ۱۵سے ۲۰ دن تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ جمعرات کو چار باغ میں پورا دن کام چلا۔ عالم باغ بس اسٹیشن سے کرسیاں، میزیں اور دیگر سامان بھی چارباغ بس اسٹیشن میں لایا گیا۔ عالم باغ کے نصف سے زیادہ افسران اور ملازمین یہاں پہنچ چکے ہیں۔
چار باغ بس اسٹیشن میں تعمیری کام کے سبب مسافروں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سلسلہ میں کئی مسافر افسران سے شکایت بھی کرتے دیکھے گئے۔
سب سے زیادہ بسوں کی آمد و رفت کو لیکر مسافر پریشان دکھے۔ حالات یہ ہیں کہ مسافر کبھی اسٹیشن کے اندر تو کبھی اسٹیشن کے باہر بسوں کے انتظار میں دوڑتے رہے۔ کانپور جانے کیلئے چارباغ گئے مسافر نے بتایا کہ یہاں پر کوئی کسی کی سننے والانہیں ہے۔ کبھی یہ بتایاجاتا ہے کہ بس اسٹیشن کے اندر آکر جائے گی تو کبھی یہ کہ باہر سڑک پر ہی کھڑی رہے گی۔