لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ راجدھانی میں اتوار کو منعقد ریلوے بھرتی بورڈ محکمہ شمال مشرقی ریلوے و جنوبی ریلوے اور ایس ایس سی کے امتحان میں ٹرینوں سے آنے والے امیدواروں کو لیکر چارباغ علاقہ میں کافی بھیڑ رہی جس کے سبب چار باغ و لکھنؤ جنکشن اسٹیشنوں پر پاؤں تک رکھنے کی جگہ نہیں تھی۔ وہیں امتحان ختم ہونے کے بعد اپنی منزل کو جانے والے امیدواروں کا ہجوم شام سے ہی ریلوے اسٹیشنوں پر ٹوٹ پڑا۔ کئی ٹرینوںمیں سیٹ کو لیکر مسافروں اور امیدواروں میں نوک جھونک ہوتی رہی اور جی آر پی اور آر پی ایف کی مداخلت کے بعد معاملہ رفع دفع ہو سکا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق آج راجدھانی میں ریلوے بھرتی بورڈ کی جانب سے منعقد گروپ ڈی شمال مشرقی اور جنوبی ریلوے اور ایس ایس پی کے امتحان کے سبب ایک دن قبل سے امیدواروںکا ٹرینوں اور بسوںسے راجدھانی میں آنے کا سلسلہ جو شروع ہوا وہ اتوار کی صبح تک جاری رہا۔ یہ امتحان دو میٹنگوں میں منعقد کیا گیا تھا۔ پہلی میٹنگ صبح دس بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک اور دوسری میٹنگ سہ پہر تین بجے سے ساڑھے چار بجے تک منعقد کی گئی تھی۔ دونوں میٹنگوں کے امتحان میں تقریباً ایک لاکھ ۴۵ ہزار و ایس ایس سی میں ایک لاکھ ۳۵ ہزار امیدواروں کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے اتوارکو منعقد مش
ترکہ ہائر سکنڈری امتحان بخیریت منعقد ہوگیا۔ اس کیلئے راجدھانی میں ۱۳۲؍ امتحان مراکز بنائے گئے تھے جس میں کل ایک لاکھ اکیس ہزار لوگوں کو امتحان دینا تھا لیکن محض ۶۳ فیصد لوگوں نے ہی امتحان دیا۔ ۳۷ فیصد امیدواروں نے امتحان چھوڑ دیا۔ ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ مغربی ہری پرتاپ شاہی نے بتایا کہ محرم کے تہوار کی وجہ سے دو نومبر کو منعقد ہونے والا ایس ایس سی کا امتحان ملتوی کر دیا گیا تھا اس کی جگہ کمیشن نے سولہ نومبر کو امتحان کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت لکھنؤ میں اعلان شدہ ۹۹ ؍امتحان مراکز کی جگہ ۱۳۲؍ امتحان مراکز بنائے گئے تھے جس میں تمام امتحان مراکز پر صبح سے ہی امیدواروںکی بھیڑ لگنے لگی تھی۔ ضلع انتظامیہ نے تمام امتحانی مراکز پر حفاظتی بندوبست کا بہتر انتظام کیا تھا۔ امیدواروں کو امتحان شروع ہونے سے نصف گھنٹہ قبل امتحان مراکز میں داخلہ کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اسی تاریخ میں دو دیگر امتحانات ہونے کے سبب تقریباً ۳۷ فیصد لوگوں نے امتحان ترک کر دیا ہے۔ لکھنؤ کے کسی بھی مرکز سے امتحان کے دوران قابل اعتراض اشیاء کے استعمال، مار پیٹ، ہنگامہ و دیگر واردات کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ جنوبی ریلوے کے چار باغ و شمال مشرقی ریلوے کے لکھنؤ جنکشن اسٹیشن پر امیدواروں کی بھیڑ کوقابو میں کرنے کیلئے ریلوے پولیس و ریلوے حفاظتی فورس کے جوان ناکام رہے۔ دونوں اسٹیشنوں پر اچانک بڑھی امیدواروں کی بھیڑ کے آگے جی آر پی، آر پی ایف نے گھٹنے ٹیک دیئے۔ اسٹیشن پر ٹھیک ڈھنگ سے انتظام نہ ہونے کے سبب ہزاروںکی تعداد میں امیدوار ریلوے ٹریک کے درمیان پٹریوں پر کھڑے ہوکر ٹرین کا انتظار کر رہے تھے جنہیں روکنے کیلئے ریلوے پولیس کے ذریعہ کسی طرح کا انتظام نہیںکیا گیا تھا۔