لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔دوسروں کو نصیحت دینے والے آج خود ہی داغدار نکلے۔ یہ انکشاف منگل کو سپلائی محکمہ کی جانب سے راجدھانی کے چارباغ علاقہ میں گھریلو گیس کی ہور ہی غیر قانونی ریفلنگ کے پردہ فاش کرنے کے دوران ہوا۔ یہاں پر پکڑے گئے گیس سلنڈر اور ڈیلیوری مین ایسی گیس ایجنسی سے تعلق رکھتے ہیں جس کے مالک خود لوگوں کو کالا بازاری نہ کرنے کی نصیحت دیتے رہتے ہیں۔ سپلائی محکمہ کی ٹیم کو موقع سے ۳۹ سلنڈر ملے ہیں ان سلنڈروں میں تین کامرشیل بھی ہیں ۔اس کے علاوہ دو ریفلر، تین سائیکلیں، ایک اسپرنگ بیلنس اور ۹۰ پرچیاں مہیش گیس سروس کی ملی ہیں۔ چھاپہ کے دوران پکڑے گئے تینوں نوجوان بھی مہیش گیس ایجنسی کے ڈیلیوری مین ہیں۔
ریجنل فوڈ افسر وشو ناتھ یادو نے بتایا کہ کافی دنوں سے چارباغ کے پان دریبہ واقع میت ہوٹل کے سامنے سنگار ولا کے کمپاؤنڈ میں گھریلو گیس کی غیر قانونی ریفلنگ کی اطلاع مل رہی تھی۔ منگل کو ضلع سپلائی افسر کے حکم پر ٹیم بناکر چھاپہ مارا گیا تو موقع سے ۳۹ سلنڈر برآمد کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سلنڈروں میں ۳۶ سلنڈر گھریلو ہیں جو بھارت اور انڈین آئل کمپنی کے ہیں۔ باقی تین کامرشیل سلنڈر بھارت کمپنی کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے ڈیلیوری مین متھرا پرساد، رادھے شیام اور اعجاز کے قبضہ سے گیس کی ۹۰ پرچیاں برآمد ہوئی ہیں جو مہیش گیس سروس کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ایجنسی مالک کے علم میں یہ کھیل چل رہا تھا۔ انہوںنے بتایا کہ تینوں ڈیلیوری مین اور ایجنسی مالک کے خلاف ایف آئی آردرج کرائی جائے گی اس کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ ضبط کئے گئے سلنڈر اور دیگر سامان وجے گیس سروس کو سونپا گیا ہے۔ چھاپہ مارنے گئی ٹیم میں ریجنل فوڈ افسر چوک ابھے سنگھ، راجیو مشرا، سب انسپکٹر چوک س
دھیر شریواستو، گیتا سنگھ سمیت مقامی پولیس بھی موجود تھی۔