لکھنؤ(بیورو)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ترقیاتی اور عوامی بہبود کی اسکیموں کو مقررہ وقت سے نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ترقیاتی اور مفاد عامہ سے وابستہ اسکیموں کے عملدرآمد میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کسی بھی طرح کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ چارباغ کے نزدیک دستیاب آراضی پر غریب مزدوروں کیلئے سبھی سہولتوں سے آراستہ ہاؤسنگ کامپلکس کی تعمیر کرائی جائے۔
وزیر اعلیٰ آج اپنی سرکاری قیام گاہ پر منعقد ایک جلسہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ ل
ے رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست میں صفائی اور ہریالی کو فروغ دینے کیلئے ’کلین گرین اور ہیلدی یوپی ‘مہم چلا رہی ہے۔ اس کے پیش نظر ریاست کی سبھی میونسپل کارپوریشنوں اور نگر پالیکا پریشدوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو موثر طریقے سے نافذ کیا جائے تاکہ صفائی کا مستقل حل نکل سکے۔ انہوں نے کانپور نواب گنج، شکلا گنج کلسٹر کیلئے خاص طور پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ لگانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہاکہ بیٹری سے چلنے والے رکشہ اسکیم کیلئے ٹنڈر طلب کر کے رواں مالی سال میں اسے شروع کیاجائے۔ اس سے جہاں ایک طرف لوگوں کو آلودگی سے پاک آمدورفت کی سہولت حاصل ہوگی وہیں دوسری جانب اس کے ذریعہ بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوںگے۔ انہوں نے شہری غریبوں کو رہائشی سہولت فراہم کرانے کیلئے آصفہ اسکیم میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مزدوروں کے بچوں کیلئے اسکولوں کے قیام میں تیزی لانے اور لکھنؤ میں مزدوروں کیلئے سستے کھانے کا بندوبست شروع کرانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ لیبر بہبود بورڈ کے توسط سے لکھنؤ میں چارباغ کے نزدیک دستیاب آراضی پر غریب مزدوروں کیلئے سبھی سہولتوں سے آراستہ رہائشی کامپلیکس کی تعمیر کرائی جائے۔
زرعی اور دیہی ترقیات کے جائزہ کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے مفاد کے سلسلہ میں پوری طرح حساس ہے انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ کسانوں کو کھاد اور بیج کی کوئی کمی نہ ہونے پائے۔ انہوں نے وزیر اعظم دیہی سڑک اسکیم کے تحت تعمیر کی گئی سڑکوں کے بہتر رکھ رکھاؤپر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کام میں بے ضابطگی برتنے والے ٹھیکیداروں سمیت سبھی قصورواروں کے خلاف ضرورت کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔