نئی دہلی:حکومت نے بتایا کہ 2011 سے 2014 تک سڑک حادثہ میں ملک میں پانچ لاکھ 50 ہزار 191 افراد ہلاک ہوگئے ۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہ کے وزیر مملکت پون رادھا کرشنن نے راجیہ سبھا میں کل ایک تحریری جواب میں بتایا کہ 2011 میں ایک لاکھ 42 ہزار 285، 2012 میں ایک لاکھ 38 ہزار 258، 2013 میں ایک لاکھ 37 ہزار 572 اور 2014 میں ایک لاکھ 41 ہزار 526 افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے ہیں۔ سڑک حادثوں سے 2011 میں روزانہ تقریباً 390 افراد، 2012 میں 378 اور 2013 میں 376 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ قومی کرائم رپورٹ بیورو کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بیشتر سڑک حادثات تیز رفتاری کے سبب ہوئے تھے جو کُل سڑک حادثات کا 36.8 فیصد تھے اور ان میں 48654 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 2011 میں شراب یا منشیات کا استعمال کرکے گاڑی چلانے سے 24655 سڑک حادثات ہوئے جن میں 10553 افراد ہلاک ہوگئے ۔ اسی طرح 2012 میں 23979 حادثوں میں 7835 افراد اور 2013 میں 20290 حادثات میں 6463 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے سبب ہٹ اینڈ رن کے معاملوں میں علیحدہ اطلاعات جمع نہیں کی جاتی ہیں۔