نئی دہلی،28اگست(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 30اگست سے شروع ہونے والے اپنے جاپان دورے سے کافی پرامید نظر آرہے ہیں اور آج انہوں نے جاپان کے تئیں اپنے والہانہ لگاؤ کا اظہار کیا اور جاپان کے وزیر اعظم شنجو آبے اور وہاں کے عوام سے جاپانی زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
آج صبح مسٹر مودی نے جاپانی عوام کے لئے 8ٹویٹ ک
ئے ۔ ان میں سے دو ٹویٹ انہوں نے اپنے ہم منصب مسٹر شنجو آبے کو کئے۔ انہوں نے پہلی بار اپنے خیالات کی ترجمانی جاپانی زبان میں کی جس میں انکی مدد جاپان کی ایک ٹیم نے کی ہے ۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ جاپان کے دورہ کے لئے کافی پرجوش ہیں اور یہ دورہ ان کے لئے کافی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک اور عالمی شراکت دار ی کو مزید تقویت حاصل ہو گی۔
انہو ں نے جاپان کے ساتھ مل کر دنیا میں امن و امان کے قیام کے لئے اپنے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی زبان میں ان کے پیغامات کی ترجمانی کرنے والے ان کے جاپانی دوستوں کے وہ شکر گذار ہیں جن کی مدد سے وہ جاپان کے عوام سے سیدھے مخاطب ہو رہے ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے آج یہاں کہا کہ وزیر اعظم اپنے خاص لب و لہجہ کے لئے جانے جاتے ہیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستا ن کے ساتھ جاپان کی دوستی ہمیشہ گہری رہی ہے اور وہ اس میں مزید وسعت کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم پہلے جاپان کے کویٹو شہر جائیں گے اور اس کے بعد وہ دارا لحکومت ٹوکیو کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورہ کے دوران وہ اپنے پرانے دوست و جاپان کے وزیر اعظم شنجو آبے، مختلف سیاسی شخصیات، مختلف میدانوں کے ماہرین و طلبہ سے ملاقات کریں گے اور کئی طرح کے پروگراموں میں شرکت کریں گے۔غور طلب ہے کہ مسٹر مودی اس سے قبل بھی جاپان کا دورہ کر چکے ہیں جب وہ گجرات کے وزیر اعلی تھے۔