نئی دہلی:کیفے کافی ڈے آئندہ تین برسوں میں ۴۵۰ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے ملک میں چار سو اسٹور قائم کرے گی۔ کمپنی اکتوبر ماہ میں ۱۱۵۰ کروڑ روپئے کے آئی پی او کیلئے مطلوبہ کارروائی مکمل کر رہی ہے۔ کیفے کافی ڈے کے چیئر مین وی جی سدھارت نے بتایا کہ ہم اکتوبر ماہ میں دسہرے کے تہوار سے قبل اپنا آئی پی او پیش کرنے کیلئے آخری منظوری حاصل کرنے کے عمل میں ہیں آئندہ تین برس میں ہم نے ہر برس ۱۳۵ اسٹور قائم کرنے اور ۴۰۰سے ۴۵۰ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہمارے سبھی اسٹور کمپنی کی ملکیت والے ہونگے انہوں نے کہا کہ ۷۰ فیصد نئے اسٹور ان شہروں میں ہوں گے جہاں پہلے سے ہی کیفے کافی ڈے اسٹور چلائے جا رہے ہےں اور بقیہ نئے شہروں اور شاہراہوں پر بنائے جائےں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شاہراہوں پر کچھ مزید اسٹور قائم کرنے کے مواقع نظر آرہے ہیں۔ حالانکہ فی الحال ۱۳۷ شاہراہوں پر ہماری سرگرمیاں جاری ہیں آئی پی او کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہم آئی پی او کے ذریعہ حاصل کی گئی رقم کا استعمال اپنے کافی کاروبار کی توسیع اور قرض کا بوجھ ہلکا کرنے کےلئے کریں گے۔ ملک میں کافی اسٹور کا سب سے بڑا نیٹورک چلانے والی کمپنی کافی ڈے انٹرپرائیسز کو گذشتہ ماہ سرمایہ بازار کے نگراں ادارے سےبی سے آئی پی او کے ذریعہ رقم حاصل کرنے کی منظوری ملی ہے۔ کمپنی بی ایس ای اور این ایس ای میں اپنے شیئر درج فہرست کرانا چاہتی ہے۔