لکھنؤ:ہائی وے پر گزرنے والے سیمنٹ کے ٹرک کو لوٹنے والے چار لٹیروں کو اتوارکو کرائم برانچ نے گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے ایک پک اپ ، ایک ٹرک ، ۹۹ بوریاں سیمنٹ اور ۶۹۱خالی بوریاں برآمد کیں۔ یہ لوگ لوٹی گئی سیمنٹ کو نقلی سیمنٹ بناکر فروخت کرتے تھے۔ اس گروہ کے دو ساتھی ابھی بھی فرار ہیں۔ کرائم برانچ نے گذشتہ شام مخبر اور سرویلانس کی مدد سے آئی آئی ایم روڈ کے پاس سے چار لٹیروں مڑیاوں باشندہ معراج احمد ، سیتا پور باشندہ شکیل ، دیپو راوت اور مڑیاوں باشندہ عبدالکلام کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے پاس سے ایک پک اپ ، ایک ٹرک ، لوٹے گئے موبائل فون اور سیمنٹ کی بوریاں برآمد کیں۔ ملزمین نے بخشی تالاب بھٹولی میں دو ٹرک سے لوٹ مار کی بات قبول کی ہے۔ ملزم سیمنٹ سے لدے ٹرک کو لوٹ کر اس کو تالکٹورہ باشندہ رامیندر کو دے دیتے تھے اور وہ اصلی سیمنٹ سے نقلی سیمنٹ بناکر فروخت کردیا کرتا تھا۔