پیرس: فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن، جرمن چانسلر انگیلا میرکل، فرانس کے صدر فرانسوا اولانڈ اور یوکرائنی صدر پیٹرو پوروشینکو کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یوکرائنی بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیے جائیں۔ ان چاروں رہنماؤں کی میٹنگ میں یوکرائن کے لیے طے پائی گئی مِنسک امن ڈیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد جرمن چانسلر میرکل نے اِس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یوکرائن کے اندر صورت حال بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے اِس امید کا بھی اظہار کیا کہ یوکرائنی تنازعے کے لیے سہ فریقی مذاکراتی عمل جاری رہے گا۔ فرانسیسی صدر کے مطابق آج ہفتے سے مشرقی یوکرائن کے اگلے محاذوں سے ہلکے ہتھیاروں کی واپسی شروع ہو سکتی ہے۔