لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بازارکھالہ میں چاقو کے حملہ میں زخمی ہوئی ساجدہ کی علاج کے دوران اتوار کو موت ہو گئی۔ پولیس نے ساجدہ کو چاقو مارنے والے اس کے شوہر کو واردات کے وقت ہی گرفتار کرلیا تھا۔ اب اس معاملہ میں ملزم کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔ سی او بازار کھالہ رام کمار اگروال نے بتایا کہ گزشتہ جمعہ کی شب بازار کھالہ کے حبیب پور کی رہنے والی ساجدہ کو اس کے شوہر اکرم نے چاقو مار کر زخمی کردیا تھا۔ پیٹ میں چاقو لگنے سے زخمی ساجدہ کو کنبہ کے لوگوںنے علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایاتھا۔ علاج کے دوران اتوار کی صبح ساجدہ کی موت واقع ہو گئی۔ چوک پولیس نے ساجدہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ وہیں حادثہ کے بعد فرار ہورہے ملزم اکرم کو کنبہ والوں نے مقامی لوگوں کی مدد سے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ اب ساجدہ کی موت کے بعد اس معاملہ میں قتل کی دفعہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ساجدہ اور اکرم کے درمیان تنازعہ کی بناء پر دونوں الگ رہ رہے تھے۔ اکرم اکثر اپنی بیٹی سے ملنے کیلئے ساجدہ کے گھر آتا تھا۔ گزشتہ جمعہ کوبھی وہ اپنی بیٹی سے مل
نے کیلئے آیا تھا۔ جہاں جھگڑا ہونے پر اس نے ساجدہ کو چاقومار کر زخمی کر دیا تھا۔