لکھنؤ (نامہ نگار)سروجنی نگر علاقہ میںگزشتہ ۱۶مارچ کو محکمہ موسمیات ملازمین کے گھر لاکھوں روپئے کی چوری کا انکشاف کرتے ہوئے پولس نے آسام کے رہنے والے دو چوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔پولس نے ان کے قبضہ سے چوری کے زیورات اور چھ ہزار روپئے نقد وگھریلو سامان بھی برآمد کرلیاہے۔ ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ سروجنی نگر کے شانتی نگر کی رہنے والی انجو لتا محکمہ موسمیات میں ملازم ہے۔۱۶؍مارچ کو ہولی کے موقع پر وہ شہر سے باہر گئی ہوئی تھیں۔
اسی دوران موقع کا فائدہ اٹھا کر چوروں نے لاکھوں کے زیورات،نقدرقم اور قیمتی سامان چوری کرلیا۔۲۰؍مارچ کو جب انجو گھروالوں کے ساتھ گھر پہنچی تو انہیں چوری کے بارے میں معلوم ہوا۔ اس معاملہ میں انہوں نے سروجنی نگر تھانہ میں چوری کی رپورٹ درج کرائی۔ تفتیش کے دوران سروجنی نگر پولس نے سنیچر کی دیررات منگلم گیسٹ ہاؤس کے قریب سے دو مشتبہ لوگوں کو حراست میں لے لیا۔پوچھ گچھ کے دوران دونوں افراد نے انجو لتا کے گھر چوری کی واردات انجام دینے کی بات قبول کی۔
اس کے بعد پولس نے دونوں کی نشاندھی پر چوری کئے گئے چالیس لاکھ کے زیورات،۶۵۶۱روپئے ،کیمرہ اور گھریلو سامان برآمد کرلیا۔پوچھ گچھ کے دوران چوروں نے اپنا نام آسام کا باشندہ محمد ایوب اور شفیق الاسلام بتایا۔ملزم ایوب آشیانہ علاقہ میں رہتا ہے جبکہ شفیق الاسلام سروجنی نگر کا باشندہ ہے۔
ایوب آسام کا باشندہ ہے یا نہیں اس بات کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔پولس کو اندیشہ ہے کہ ایوب اور شفیق الاسلام بنگلہ دیش کے رہنے والے ہیں۔ایوب کے قبضہ سے پولس کو آسام میں بناہوا ووٹر آئی ڈی کارڈ وپین کارڈ بھی ملاہے۔ جبکہ ملزم کے پاس سے لکھنؤ کا ایک راشن کارڈ بھی ملاہے۔راشن کارڈ میں اس کانام وہاب درج ہے۔پولس اس بات کی تفتیش کررہی ہے کہ ملزم کا اصلی نام کیا ہے اور وہ کہاں کا باشندہ ہے۔ فرضی نام وپتہ سے بنائے گئے راشن کارڈ کے معاملے میں اس کے خلاف فریب دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔