لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ عید الاضحی کا چاند نظر آتے ہی بکرا منڈی میں رونق بڑھنے لگی ہے۔ جمعہ کو دن بھر نئی منڈی علاقہ میں صفائی اور روشنی کا بندوبست ہوتا رہا۔ صبح سے ہی منڈی میں سناٹا چھایا رہا۔ ایک دو خریدار ہی منڈی پہنچے۔ دن ڈھلنے کے ساتھ ہی منڈی میں رونق بڑھنی شروع ہوئی تو دیر رات تک بنی رہی۔ قربانی کے تہوار عیدالاضحی کی تیاری کیلئے بکرا منڈی سجنا شروع ہو گئی ہے۔ جمعہ کو گھنٹہ گھر کے سامنے واقع میدان میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ روشنی کا بندوبست درست کیا گیا۔ شام ہوتے ہی منڈی میں تاجر اور خریدار اکٹھا ہونے لگے۔ منڈی میں قرب و جوار کے اضلاع سے آنے والے تاجروں کے نہ آنے سے بکروں کی قیمت اونچی رہی۔ منڈی میں لکھنؤ کے متعدد علاقوں سے تاجر اپنے بکروں
کو لیکر پہنچے۔ کاکوری سے بکرے لیکر آئے سلیمان نے بتایا کہ اتوار کے بعد سے منڈی میں تیزی آنے لگے گی۔ عیدالاضحی میں ابھی دس دن باقی ہونے کی وجہ سے لوگ منڈی نہیں پہنچ رہے ہیں۔ منڈی میں لکھنؤ کے علاوہ سیتاپور، ہردوئی، لکھیم پور کے تاجر اپنے بکروں کو لیکر آتے ہیں۔ بقر عید کیلئے خاص طور سے دیسی، جمنا پاری اور بربرے بکروں کی مانگ زیادہ رہتی ہے۔ وہیں منڈی میں اپنے بچوں کے ساتھ بکرا خریدنے پہنچے حسین آباد کے رہنے والے محمد حسین نے بتایا کہ بقر عید سے کچھ دن قبل بکرا سستا مل جاتا ہے اس کے علاوہ بچے بھی خوش ہو جاتے ہیں اور بچوں کو بکرا ٹہلانے کا بہت شوق رہتا ہے اس لئے اتنی جلدی بکرا خریدنے آئے ہیں۔