لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ گومتی نگر واقع جنتا مارکٹ میں چاؤمین کی دکان میں بدھ کی شام اچانک آگ لگ گئی۔ آگ کے شعلے اٹھتے دیکھ کر افراتفری مچ گئی۔ آس پاس کے دکانداروں نے آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اطلاع فائر بریگیڈ کو دی گئی۔ جب تک فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچتی اس سے قبل ہی مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پا لیا۔ دکان میں رکھا ہزاروں کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ گومتی نگر کے ملک ٹمبر چوراہا جنتا مارکٹ میں بدھ کی شام پتن لال کی چاؤمین کی دکان میں آگ لگ گئی۔ آگ نے کچھ ہی دیر میں پوری دکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ آس پاس کے دکانداروں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آگ لگنے کا سبب سلنڈر کے پائپ سے گیس اخراج بتایا جا رہا ہے۔ واردات میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔