لکھنؤ: اترپردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے بدایوں جیل میں بند بدنام زمانہ چندن سنگھ گروہ کے ایک سرگرم شوٹر کو کل شام گورکھ پور کے کینٹ علاقے سے گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ ایس ٹی ایف کی ٹیم نے چلاتال علاقے کے قاضی پور کے چندن سنگھ گروہ کے بدنام مجرم سولنکی یادو کو کینٹ علاقے سے گرفتار کر لیا۔ اس کے پاس سے طمنچہ اور کچھ کارتوس برآمد کئے گئے ۔ وہ کافی عرصے سے فرار چل رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ٹی ایف کو اطلاع ملی تھی کہ بدنام زمانہ مجرم چندن سنگھ لکھنؤ جیل سے بدایوں جیل ٹرانسفر کیا جا چکا ہے لیکن اس کی سرگرمی گورکھ پور میں ہے اور وہ کوئی سنسنی خیز واقعہ کو انجام دینے کی کو شش میں ہے ۔ اس اطلاع پر ایس ٹی ایف کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ امت پاٹھک کی ہدایت پر ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ وکاس چندر ترپاٹھی کی قیادت میں ایک ٹیم کو مذکورہ بدمعاش کو گرفتار کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی سلسلے میں گورکھپور ایس ٹی ایف کی فیلڈ اکائی کو کل شام اطلاع ملی کہ چندن سنگھ کینٹ علاقے کے پیڈلیگ گنج میں پراپرٹي کا کام کرنے والے اندرپال اور منیش سنگھ پر فائرنگ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ اس کام کے لئے مجرم سولنکی یادو کی طرف سے ریکی بھی کی جانی ہے ۔ ایس ٹی ایف کی ٹیم نے پیڈلیگ گنج چوراہے کے ارد گرد ناکہ بندی کرکے سولنکی یادو کو گرفتار کر لیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سنت کبیرنگر ضلع میں زیر تعمیر جیل کے ٹھیکیدار سے چندن سنگھ رقم کا مطالبہ کر رہا تھا۔ ٹھیکیدار کی شکایت پر اس سلسلے میں دو فروری کو معاملہ بھی درج کرایا گیا تھا اور کیس میں اجیت سنگھ اور دیپک پال کی گرفتاری بھی ہو گئی تھی۔ پکڑے گئے بدماش کے خلاف گورکھپور کے مختلف تھانوں میں دس مقدمات درج ہیں۔