چندوسی (نامہ نگار)ضلع کے تھانہ بنیاٹھیر حلقہ میں ایک نوجوان نے شیشم کے پیڑ پرپھانسی لگا کر جان دے دی۔ گھروالے کسی خاندانی رنجش سے انکار کررہے ہیں۔ پولس خودکشی کے تحت معاملہ درج کرکے چھان بین کررہی ہے۔ معاملہ تھانہ بنیا ٹھیر علاقہ کے موضع کسورا کا ہے۔
گاؤں کے تیس سالہ رویندر مینا ولد جاگر سنگھ اپنے چار بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔ اس نے شادی نہیں کی تھی اور گاؤں کے بلاقی ولد پرتھوی لال کے ساتھ رہتا تھا۔اسی کے ساتھ بٹائی پر کاشتکاری کرتاتھا۔ بلاقی نے بتایا کہ رویندر زمین کے معاملے میں تاریخ پر بلاری گیا تھا۔ سہ پہر چاربجے کے قریب چھوٹے بھائی گری راج کی بیوی ممتا نے رویندر کو گاؤں کے چوراہے پر شراب کے نشہ میں ایک میجک گاڑی میں بیٹھے دیکھا تھا۔ اس کے بعد وہ گھر نہیں لوٹا۔بلاقی نے بتایا کہ آٹھ بجے تک جب رویندر اس کے پاس نہیں آیا تو اس نے تلاش شروع کردی لیکن کوئی پتہ نہ چل سکا۔صبح وہ بٹائی پر لئے گئے مولا گڑھ کے انل ٹھاکر کے کھیت میں گیہوں کاٹنے گیا تھا۔وہیں شیشم کے پیڑ پر اس کی لاش لٹکی تھی۔تھانہ انچارج یش پال سنگھ موقع پر پہنچے اور معاملے کی تفتیش شروع کی۔ رویندر کے گلے میں مچھردانی کی پٹی کا پھندہ کسا ہواتھا۔ ایک پیر میں چپل تھی دوسری چپل نیچے زمین پر پڑی تھی۔