گروس الیٹ۔ بنگلہ دیش کے خلاف اپنا شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے شیونرائن چندرپال نے ناٹ آئوٹ 63 رن بنا کر ویسٹ انڈیز کو چار وکٹ پر 208 رن تک پہنچا دیا جس سے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن ان کی سبقت 427 رنز کی ہو گئی ۔ کپتان دنیش رام دین نے پہلی اننگز میں 219 رن
کی سبقت ملنے کے باوجود فالوآن دینے سے انکار کر دیا تھا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 161 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں چار وکٹ 100 رن پر گنوا دیئے تھے لیکن اس کے بعد چندرپال اور جرمین بلیکوڈناٹ آئوٹ 43 نے پانچویں وکٹ کیلئے 108 رن جوڑے۔ چندرپال اب تک بنگلہ دیش کے خلاف پچھلی سات ٹسٹ اننگز میں 645 رنز بنا چکے ہیں اور صرف ایک بار اپنا وکٹ گنوایا ہے۔ یہ ٹسٹ کرکٹ میں ان کی66 ویں نصف سنچری ہے۔ بنگلہ دیش کے بلے بازوں میں صرف محموداللہ چل سکے جنہوں نے 53 رن بنائے۔
انہوں نے شفیق الاسلام کے ساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے 45 رن جوڑ کر ٹیم کو شرمناک اسکور پر سمٹنے سے بچایا۔ ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کیمار روچ نے کہا ہے کہ وہ دنیا کے نمبر ون بولر بننا چاہتے ہیں۔ بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں تباہی پھیلانے والے پیسر کا کہنا ہے کہ میں میرا ہدف عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ہے اور اس ہدف کو حاصل کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ لوشیا کی وکٹ بولر زفرینڈلی وکٹ ہے۔ 26 سالہ فاسٹ بولر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم بنگلہ دیش کو دوسرے ٹسٹ میں باآسانی شکست دے کر سیریز کلین سوئپ کر لیں گے۔