نئی دہلی۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی نے راجستھان رائلس کے سابق آف اسپنر اجیت چنڈیلا کو اپنا تحریری جواب دینے کے لئے 12 مارچ تک کا وقت دے دیا ہے۔ بورڈ کی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ روی سوانی نے چنڈیلا کو گزشتہ سال آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ کرنے کا مجرم پایا تھا۔ چنڈیلا آج یہاں بی سی سی آئی انتظامی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور ان کے خلاف لگائے گئے الزامات پر اپنے دفاع میں دلائل دیے۔ اس کمیٹی میں بورڈ چیئرمین این شری نواسن ، راجیو شکلا اور شیولال یادو ہیں۔ چنڈیلانے انتظامی کمیٹی سے تحریری جواب دینے کے لئے اضافی وقت دینے کی بات کی۔ بی سی سی آئی سیکرٹری سنجے پٹیل نے بیان میں کہا ،انتظامی کمیٹی نے اجیت چنڈیلاکی درخواست پر رضامندی ظاہر اور انہیں اپنا آخری تحریری جواب دینے کے لئے 12 مارچ 2014 تک کا وقت دیا۔ چنڈیلا نے اگرچہ خود کو بے قصور بتایا لیکن وہ سخت سزا بھگتنے کے لئے تیار
نظر آئے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا ، کوئی میرا حق نہیں لے رہا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ ان کا فیصلہ کیا ہوگا۔ شاید مجھ پرتا عمر پابندی لگا دی جائے گی۔ لیکن میں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔ چنڈیلا اور راجستھان رائلس کے ان کے ساتھی سری سنت ، انکت چوہان ، امت سنگھ اور سدھارتھ ترویدی کو اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا مجرم پایا گیا تھا۔ انتظامی کمیٹی نے سری سنت اور راج چوہان پر عمر پابندی لگا دی تھی۔ ترویدی کو 12 ماہ اور امت سنگھ کو پانچ سال کے محدود کیا گیا ہے۔ چنڈیلا واحد ایسے ہیں جنہیں اب تک سزا نہیں ملی کیونکہ آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ میں انہیں سب سے آخر میں ضمانت ملی تھی۔