لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چنہٹ پولیس نے گزشتہ رات چار شاطر چوروں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے چوری کا سامان، زیورات و نقد روپئے بھی برآمدکئے ہیں۔ ملزمین نے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کوشلیندر تیاگی کے گھر چوری کرنے کی بات قبول کی ہے۔ ان کے گھر سے چوری کیا گیا کافی سامان بھی پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔ سی او گومتی نگر ستیہ دین یادو نے بتایا کہ چنہٹ پولیس نے گزشتہ رات ٹیرا ریلوے کراسنگ کے پاس چار مشتبہ لوگوں کو دیکھ کر انہیں روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کو دیکھ کر وہ بھاگنے لگے۔ پولیس نے گھیرا بندی کرتے ہوئے چاروں چوروں کو گھیر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایل سی دی، سونے کے تین سکے، ڈریل مشین، ساؤنڈ باکس، ڈی وی ڈی پلیئر، کیمرا، ۸۵ پیکٹ سگریٹ، چاندی کا گلاس، کٹوری، ایک مورتی اور ۹ ہزار روپئے برآمد کئے ہیں۔ پوچھ گچھ میں پکڑے گئے چوروں نے اپنانام چنہٹ کے رہنے والے رضوان، نتن، بلونت اور آکاش بتائے ہیں۔ ملزمین نے چنہٹ علاقہ میں رہنے والے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کوشلیندر تیاگی کے گھر سمیت چوری کی تین واردات انجام دینے کی بات قبول کی ہے۔ ملزمین نے بتایا کہ وہ چوری کا سامان فروخت کرنے کیلئے لیکر جا رہے تھے۔